نئی دہلی، 24؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پنتھرس پارٹی نے ہندستان کے ہائیڈ پارک جنتر منتر پرنیتاجی سبھاش چندربوس کی120ویں سالگرہ نوجوانوں سے متحدہونے اور نیتاجی کے نقش قدم پر چلنے کی اپیل کے ساتھ منائی تاکہ ان کا ہندستان کے تعلق سے دیکھاگیاخواب شرمندۂ تعبیرہوسکے۔پنتھرس پارٹی کے جنتر منتر پر واقع دفتر میں سینکڑوں کارکن جمع ہوئے اور سیاسی قیادت، دانشوروں، خاص طورپرنوجوانوں اور طلبا کو یاد دلایا کہ ہندستان کی موجودہ صورتحال 1950سے ہی ہے جب ہندستانی یونین سے جموں وکشمیرکوالگ رکھا گیا اور الزام کشمیریوں پر تاکہ فرقہ پرستی کو ہوا ملتی رہے ۔سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایکزیکٹیو رکن پروفیسر بھیم سنگھ نے جنتر منتر پر انقلابی رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پنتھرس پارٹی ملک کے عوام کو نیتاجی کے نعروں اور مقاصد سے آگاہ کرانے کیلئے کشمیرسے کنیاکماری تک اورمنی پورسے دوارکاتک کی سڑکوں سے ایک مارچ شرو ع کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نیتاجی نے اعلان کیا تھا کہ تم مجھے خون دو میں تمہیں آزادی دوں گا۔انہوں نے کہاکہ ہندستان کو 1947میں آزاد ی مل گئی تھی لیکن ملک اس وقت مفلوج ہوگیا جب 1950میں جموں وکشمیر کو ہندوستانی یونین سے الگ رکھا گیا اور شہنشاہیت کی پیروی کی گئی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے یہاں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نیتاجی کی قربانیوں اور مقاصدکی پیروی کریں جو وہ انڈین نیشنل آرمی کے ذریعہ پورے ملک کے لئے سنگاپور سے کسی نامعلوم مقام کے لئے ہوائی جہاز سے روانہ ہوتے وقت چھوڑ گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ قیادت ہندستان کو عظیم بنانے نیز امن اور بھائی چارہ کا پیغام پھیلانے کے مقصداورعہدسے بھٹک گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کشمیر سے کنیا کماری تک اور منی پور سے دوارکا تک ایک پرچم اورایک آئین پیغام کے ساتھ پورے ملک میں اپنے دوستوں کے ساتھ تحریک چلائیں گے۔انہوں نے 2017میں ہونے والے مارچ کیلئے دوستوں کو ساتھ آنے کی دعوت دی۔